4 نومبر 2026 - 08:28
ریپبلکن امیدوار کا الزام: الاسکا میں تاریخ کی سب سے بڑی انتخابی دھاندلی ہو رہی ہے

ریپبلکن امیدوار ڈین سلیوان نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی ریاست الاسکا اپنی تاریخ کے بدترین انتخابی دھاندلی کے واقعات میں سے ایک کا سامنا کر رہی ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ میں وسط مدتی انتخابات کے انعقاد کے دوران ریاست الاسکا میں ممکنہ انتخابی دھاندلی اور ووٹروں میں پائی جانے والی الجھن کے معاملے پر تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔ ریپبلکن امیدوار برائے سینیٹ ڈین سلیوان نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست میں اس کی تاریخ کے بڑے ترین انتخابی دھاندلی کے واقعات میں سے ایک پیش آ رہا ہے۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق، اس تنازع کی بنیادی وجہ سینیٹ کی نشست کے لیے دو ایسے امیدواروں کی موجودگی ہے جن کے نام ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہیں۔ ریپبلکن سینیٹر اور دوبارہ انتخاب لڑنے والے ڈین ایس سلیوان کا مقابلہ ڈینیئل جے سلیوان نامی ایک ریٹائرڈ استاد سے ہے، جو خود بھی انتخابی میدان میں موجود ہیں۔

ریپبلکنز کا کہنا ہے کہ ایک ایسے دوسرے امیدوار کو میدان میں اتارنا، جس کا نام پہلے امیدوار سے ملتا جلتا ہے، ووٹروں کو الجھانے اور ریپبلکن سینیٹر کے حامیوں کے ووٹ تقسیم کرنے کی ایک سوچی سمجھی کوشش ہے۔ ان کے خیال میں اس اقدام سے سینیٹ کی ڈیموکریٹ امیدوار میری پیلٹولا کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

روزنامہ نیویارک ٹائمز نے 28 اکتوبر کو ایک رپورٹ میں لکھا کہ میری پیلٹولا کی انتخابی مہم سے وابستہ بعض افراد نے ڈینیئل سلیوان کو انتخابی مقابلے میں حصہ لینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ تاہم پیلٹولا نے اس اقدام سے کسی بھی قسم کی آگاہی یا مداخلت کی تردید کی ہے۔

یہ تنازع امریکی عدالتی نظام تک بھی پہنچ گیا۔ امریکی محکمہ انصاف نے مطالبہ کیا کہ اگر ڈین سلیوان انتخاب ہار جائیں تو انتخابی نتائج کی توثیق روک دی جائے، تاہم یکم نومبر کو ایک وفاقی جج نے یہ درخواست مسترد کر دی

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha